بلدیاتی ادارے عوام کو خوشحال و با اختیار بناتے ہیں ‘حکمران بلدیاتی انتخابات نہیں کرائینگے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد ممکن دکھائی نہیں دیتا کیونکہ بلدیاتی اداروں کی بحالی عوام کو بااختیار بناتی ہے اور جاگیردار طبقات کے مفادات کے نگہبان و سرمایہ داروں کے مفادات کیلئے جمہوریت کے نام پر عوام کا استحصال کرنے والے عوام کو بااختیار بنانا نہیں چاہتے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کا سابقہ دور اقتدار بھی بلدیاتی اداروں کی معطلی اور خدمت کمیٹیوں کے ذریعے عوام کو یرغمال و غلام بنائے رکھنے کے حوالے سے عبارت ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری سندھ طاہر حسین سید نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے فوج میں دھڑے بندی کی سازش اور آئین شکن اقدامات کی وجہ سے محبانہ و ذمہ دارانہ کردار کی ادائیگی پر مجبور فوج کے ایکشن کی وجہ سے اقتدارپانے والے پرویز مشرف نے نہ صرف جمہوریت بحال کی بلکہ مقامی حکومتوں کے ذریعے عوام کو شریک اقتدار و با اختیار بناکر تیز رفتار قومی ترقی اور عوام کو خوشحالی بھی عطا کی۔

جو عوام کو یرغمال بنائے رکھنے والوں کو پسند نہیں آئی اور انہوں نے یکجا ہوکر سازشوں کے ذریعے جمہوریت کے نام پر مشرف کو عوامی خدمت سے روک دیا اور اب مشرف کو غدار قرار دلانے کیلئے اس پر مقدمہ چلانے والے کسی طور عوام کو با اختیار، شریک اقتدار اور خوشحال و اپنے مستقبل کے فیصلوں کیلئے آزاد نہیں ہونے دیں گے۔