بلدیہ عظمی کراچی کا مالی سال 2013-14 کیلئے ٹیکس فری بجٹ پیش

Syed Hashim Raza Zaidi

Syed Hashim Raza Zaidi

کراچی(جیوڈیسک) کراچی بلدیہ عظمی کراچی نے نئے مالی سال 2013-14 کیلئے ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا ہے، بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈ منسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے حکومت سندھ کی جانب سے تفویض کردہ اختیار کے تحت بلدیہ عظمی کراچی کے بجٹ برائے سال 2013-14 کی منظوری دے دی ہے۔ آئندہ مالی سال کے لئے ٹیکس فری بجٹ کا مجموعی حجم 35 ارب 59 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

مالی سال کے دوران آمدنی کا تخمینہ 35 ارب 59 کروڑ 50 لاکھ روپے اور اخراجات کا تخمینہ 35 ارب49 کروڑ 38 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ 10 کروڑ 11 لاکھ روپے کی بچت دکھائی گئی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے سب سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے جو19 ارب 12 کروڑ 24 لاکھ روپے ہے۔

شہریوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی، اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور دیگر اخراجات کیلئے4 ارب 51 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کیلئے 2 ارب 97 کروڑ روپے ، میونسپل سروسز کی بلا تعطل فراہمی کیلئے2 ارب 74 کروڑ روپے، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکشن کیلئے ایک ارب 14 کروڑ روپے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کیلئے 60 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے منصوبے پر آئندہ مالی سال کے دوران 20 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔آئندہ مالی سال کے دوران شہر میں دو مزیدپارکنگ پلازہ تعمیر کئے جائیں گے جس کیلئے بجٹ میں 12،12 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

آئندہ مالی سال کے دوران شارع فیصل پر ملیر15 اور ملیر ہالٹ پرتین تین لین کا فلائی اوور تعمیر کرے گی جس پر بالترتیب 53 کروڑ20 لاکھ روپے اور38 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ شہر کے انفراسٹر کچر کو ترقی دینے کیلئے آئندہ مالی سال کے دوران 31 بڑے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔