مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔ نعیم کھوکھر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئر مین نعیم کھوکھر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نان ایشو کے بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دیں مصنوعی بحران کے ذریعے عوامی مسائل کو پش پشت ڈال کر عوام کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ مشرف کا ملک میں رہنا یا علاج کے بہانے ملک سے باہر جانا عوام کا مسئلہ نہیں ہے عوام کا اصل مسئلہ ملک سے دہشت گردی، اسٹریٹ کرائمز، بجلی اور گیس کی بندش، مہنگائی اور بے روز گاری کا خاتمہ ہے۔

نعیم کھو کھر نے کہاکہ ان مسائل کا حل دور تک نظر نہیں آرہا ہے جس کی وجہ سے عوام شدید اضطراب کا شکار ہیں نعیم کھو کھر نے کہا کہ موجود وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے عوام نے جو اُمیدیں وابستہ کی تھیں وہ اب دم توڑ نے لگیں ہیں۔

انہوں نے حکمرانوں سے کہاکہ وہ اپنی مقبولیت کے تیزی سے گرتے ہوئے گراف پر نظر ڈالیں اور عام لوگوں کو ریلیف فراہم کریں نعیم کھو کھر نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی عام انتخابات کے موقع پر عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کریں۔