مسلمان ممالک کے نوجوانوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا امت کے لئے امید کا پیغام ہے

لاہور (28اگست 2013) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ مصر میں اخوان المسلمون کی منتخب حکومت کو فوری بحال کیا جائے۔ مصری عوام کے حقوق پر شب خون مارا گیا ہے ان کی آواز کو دبانے کے لئے جنرل سیسی اوچھے ہتھکنڈوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی میں انٹرنیشنل یوتھ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مغرب اپنا ایجنڈا مسلم ممالک پر مسلط کر نے کے لئے یہاں آرمی اور بیورو کریسی کو استعمال کر رہا ہے۔ مسلمان نوجوانوں کے خیالات اور کردار کو تباہ کرنے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل یوتھ فورم کے پلیٹ فارم پر مسلمان ممالک کے نوجوانوں کا اکٹھا ہونا امت کے لئے امید کا پیغام ہے۔ مزید برآں جمعیت کے وفد نے ترکی کی جماعت سعادت پارٹی کے صدر ڈاکٹر مصطفےٰ سے ملاقات کی جب کہ محمد مرسی کے خصوصی مشیر حسین غزازسے بھی خصوصی ملاقات کی۔

حسین غزاز نے مصری عوام کی جدوجہد میں پاکستانی عوام کی جانب سے ساتھ دینے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل یوتھ فورم کی جانب سے منعقدہ اس کانفرنس میں تمام دنیا سے مسلم نوجوانوں کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔