بجلی، گیس اور پٹرولیم میں مسلسل اضافوں سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی، حکومت رحم کرے، صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ہر شہری مہنگائی کا شکار ہے۔ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل اضافوں سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے، حکومت عوام کی ٹوٹی ہوئی کمر پر مزید بوجھ نہ ڈالے اوران کی حالت زار پر رحم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا بوجھ بھی عام آدمی پر پڑے گا، عوام میں اب اتنی سکت نہیں کہ ان پر مزید بوجھ ڈالا جائے۔ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے لیے حکومت ان کا ہر جائز و ناجائز مطالبہ مان رہی ہے اب عوام کی قوت برداشت جواب دے رہی ہے ظالمانہ مہنگائی کرکے عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

سید بلال شیرازی نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام خودکشیاں کر رہے ہیں، انتہائی پسندی کے پھیلائو کی ایک وجہ غربت اور بے روزگاری میں اضافہ بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی پالیسیوں میں تبدیلی کرے اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کو ریونیو کے حصول کا ذریعہ نہ بنایاجائے کیونکہ اس طرح کے اقدامات سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور عوام کی قوت خرید کم سے کم تر ہوتی جارہی ہے۔