مظفرگڑھ : 10 اور 3 سال کی بچیاں اغوا، دس سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

Muzaffargarh

Muzaffargarh

مظفرگڑھ (جیوڈیسک) مظفرگڑھ میں درندہ صفت شخص نے 10 اور 3 سال کی دو کمسن بچیوں کو اغوا کیا۔ 10 سال کی بچی کو درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر مار ڈالا ۔ پولیس نے کارروائی کرکے 3 سال کی بچی کو بازیاب اور ملزم کو گرفتار کر کےمقدمہ درج کر لیا گیا۔

مظفرگڑھ میں حوا کی بیٹیوں کی زندگی بدستور اجیران ہے۔ زیادتی کے پے در پے واقعات پر حکومت نے کئی بار نوٹس لے کر دیکھ لیا، لیکن مجرموں کو سزا نہ ہو سکنے کے باعث انسان نما درندے بے خوف ہو کر کارروائیاں کرتے ہیں۔

مختاراں مائی کے اسی مظفرگڑھ میں ایک اور لڑکی درندگی کا نشانہ بنادی گئی۔ واقعہ مرادآباد کے علاقے میں ہفتے کی صبح پیش آیا۔دو معصوم بچیاں اپنے گھر میں کھیل رہی تھیں۔ان کا والد مزدوری پر گیا ہوا تھااور گھر میں کوئی بڑا موجود نہ تھا۔

اس دوران بچیوں کے بھائی کا سالا احسن اچانک گھر میں داخل ہوا۔ وہ دونوں معصوم بچیوں کو بہلا پھسلا کر ایک نزدیکی گھر میں لے گیا۔ ملزم نے دس سالہ بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور پھر رسی سے اس کا گلا گھونٹ دیا۔ کمسن بچی موقع پر جاں بحق ہوگئی۔

واقعے کے بعد ملزم 3 سال کی بچی کو اپنے ساتھ لیکر فرار ہوگیا۔اہل علاقہ اور گھر والوں نے بچیوں کی تلاش شروع کی تو 10 سال کی بچی کی لاش قریبی گھر سے برآمد ہوئی۔پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے تو ملزم کو گرفتار اور بچی کو بازیاب کرکے والدین کے حوالے کردیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ مرادآباد محمد فاروق کا کہنا ہے کہ صورتحال کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ایس ایچ او صاحب آپ کی تحقیقات اپنی جگہ لیکن سوال یہ ہے کہ مظفرگڑھ میں زیادتی کے بعد موت کے حوالے کی گئی معصوم بچی کے واقعے کو بھی نوٹس لیکر لٹکا دیا جائے گا یا مجرم کو سزا بھی ملے گی؟کیا آپ ذمہ داری لیتے ہیں کہ اب مظفرگڑھ میں حوا کی کوئی بیٹی درندگی کا شکار نہیں بنائی جائے گی؟.