ندیم ہاشمی کو بیگناہ ثابت ہونے پر باعزت رہا کیا گیا، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جب پتہ چلاکہ ندیم ہاشمی بیگناہ ہیں تو انھیں باعزت طور پر رہا کر دیا گیا، طالبان سے مذاکرات کا عمل رکا نہیں، یہ آگے بڑھے گا، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ پالیسی تشکیل دی ہے، انھوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومتی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔ صحافی برادری کی آواز میں اپنی آواز شامل کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔

پاکستان کو پرامن بنانے کے لئے بھر پور کوششیں کریں گے۔ طالبان سے مذاکرات کا عمل رکا نہیں، یہ آگے بڑھے گا۔ایم کیو ایم کے راہنما ندیم ہاشمی کے بارے میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب پتہ چلاکہ ندیم ہاشمی بیگناہ ہیں تو انھیں باعزت طور پر رہاکر دیا گیا، ایم کیو ایم کے رہ نما کو پوری تحقیقات کے بعد رہا کیا گیا، کراچی میں حالات کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں۔ترکی کی جانب سے وزیراعظم کو تمغہ جمہوریت ملنے پر پرویز رشید نے کہا کہ پوری قوم کے لئے اعزاز ہے۔