ناہید حسین نے لاہور کے علاقے بادامی باغ میں عیسائی برادری کے 175مکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی مذمت

 

کراچی : اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ UDFکے بانی چئیر مین ناہید حسین نے لاہور کے علاقے بادامی باغ میں عیسائی برادری کے 175مکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات سے اسلام اور پاکستان کو عالمی سطح پر بد نام کرنے کی سازش کی جارہی ہے حکومت فوری طور پر شر پسند عناصر کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے چئیر مین کر سچن ڈیمو کریٹک یونین آف پاکستان نعیم کھو کھر کی سربراہی میں آنے والے وفد سے گفتگو میں کی۔

ناہید حسین نے مذید کہا کہ اسلام رواداری ، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے اسلامی ریاست میں کمیونٹی کو مکمل تحفظ حاصل ہے جبکہ کسی بھی واقعہ کی تحقیقات کرنے کے لئے ادارے موجود ہیں اور آزاد عدلیہ ملزم کو سز دینے کے لئے متحرک ہے اس کے باوجود لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیکر یہ بات ثابت کر دی ہے وہاں کی انتظامیہ نااہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوزف کا لونی میں آتشزدگی کے واقعہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، یہ ایک سازش ہے جس کا مقصد مسلمانوں کو بد نام کرنا ہے اس واقع کی ہر شخص مذمت کر تا ہے۔

اس واقع نے پاکستان کا سافٹ امیج کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد
اچانک اس طرح کے واقعات کا تسلسل پاکستان دشمن عناصر کے کردار کو واضح کرتا ہے جس کا مقصد ہمیشہ سے ہی پاکستان مخالف نظریہ پروان چڑھاتا ہے ۔ناہید حسین نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ہر مسلمان توہین رسالت ۖ کو کبھی بھی برداشت نہیں کر سکتاہے۔

کیونکہ یہ ہمارے ایمان پر ضرب لگانے کے مترادف ہے لیکن اس کی آڑ میں کسی بے گنا ہ کا گھر نذر آتش کرنا بھی کوئی مسلمان گوارہ نہیں کرسکتاہے ۔ پاکستان میں توہین رسالت کا قانون واضح ہے کسی بھی مرتکب فرد کو اس قانون کے تحت سزار دی جاتی ہے۔ اور کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ قانون کو ہاتھ میں لے۔

ناہید حسین نے آخر میں کہا کہ حکومت وا قعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے اصل حقائق سامنے لائیں کہ وہ کون سے عناصر ہیں جو پاکستان کو بد نام کر رہے ہیں ۔ اگر اس واقعہ کی تحقیقات مکمل کر کے حقائق سامنے نہ لائے گئے تو آئندہ بھی اس قسم کے واقعات جنم لیتے رہے گے۔