حکمران پورے ملک کو تھر پارکر بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ محمد حنیف قریشی

لالہ موسی: پاکستان عوامی تحریک کے رہنما محمد حنیف قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے 9ماہ میں بڑھتا ہوا افراط زر اور اسکے نتیجے میں پھیلنے والی مہنگائی میں عام آدمی کیلئے گزر بسر نا ممکن ہوتی جا رہی ہے ۔محنت کشوں کی حقیقی آمدنی میں کمی واقع ہو رہی ہے جبکہ سرمایہ داروں،جاگیرداروں اور وڈیروں کی شرح منافع میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے ۔غریب اور امیر کے درمیان اتنی وسیع خلیج پہلے کبھی موجودنہ تھی اور اب طبقاتی تفریق شدت اختیار کرتی جا رہی ہے ۔اس معاشی امتیاز کے خلاف عوام میں پائی جانیوالی نفرت اور غصہ پر حکمرانوں کی بے حسی،بے شرمی اور سرد مہری اذیت ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ سیاسی نظام زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ظالم حکمران اپنی نا اہلیوں اور غلط پالیسیوں سے پورے ملک کو تھر پارکر بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔28مارچ کو پاکستان عوامی تحریک کا ”عزم انقلاب کنونشن” ظالم حکمرانوں کی نا اہلیوں،ہوشرباء مہنگائی،لاقانونیت اور دہشت گردی کے خلاف ہو گا۔

کنونشن سے پاکستان عوامی تحریک فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری خطاب کریں گے جبکہ ملک بھر سے صوبائی،ضلعی و تحصیلی عہدیداران کے ساتھ ساتھ کارکنان کی بڑی تعدادبھی کنونشن میں شرکت کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری پاکستان عوامی تحریک کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیںگے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی 9ماہ کی کارکردگی نے ظالم کو طاقتور اور مظلوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔عقل سے بے بہرہ ،ادراک و شعور سے بیگانہ،ویثرن سے عاری صاحبان اختیار ایسے ایسے پلٹے مار رہے ہیںکہ انکی تراکیب انکی ہی تضحیک کا باعث بنتی جا رہی ہیں۔