نواز شریف ملک تباہ کردیں گے لیکن کرسی نہیں چھوڑیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئی جی پولیس اسلام آباد طاہر عالم کی شکل میں نواز شریف کو گلو بٹ مل گیا ہے لیکن ہم اسے چھوڑیں گے نہیں جیل بھجوا کردم لیں گے۔

پولیس کی جارحیت سے تحفظ فراہم کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا شکریہ اداکرتا ہوں، جنید خان پر تشدد کرنے پر ڈپٹی کمشنر شیر دل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ جائیں گے۔ جمعے کو یہاں عوام کا سمندر ہو گا، اتوار کو کراچی جائوں گا اور رات کو واپس دھرنے میں پہنچ جاوں گا۔

نواز شریف وہ بزدل ہیں جو چوری کی دولت بچانے کے لئے ملک تباہ کر دینگے کرسی نہیں چھوڑینگے۔ جذبے اورجنون کا مقابلہ بزدل نہیں کر سکتا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا عوام سے ووٹ لینے والے وی آئی پی اور بادشاہ بن جاتے ہیں، لوگوں سے کہتا ہوں سڑک بند کی جائے توکسی وی آئی پی کو نہ گزرنے دیں۔

شہباز شریف کا بیٹا ساڑھے 7 ارب روپے کا پاور پلانٹ لگا رہا ہے، اسمبلی میں منافقوں کوغریبوں کی نہیں کرسی کی فکر پڑی ہے، نواز شریف کرپشن کے اتحاد کو بچا رہے ہیں۔ انھیں ڈر ہے کہ تحریک انصاف آ گئی تو سب کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔ وکلا، صحافیوں اور دانشوروں سمیت سب کا پتہ چل جائے گا کہ کون کہاں کھڑا ہے، تحریک انصاف کے 5 ہزار کارکن جیلوں میں ہیں، پولیس، سول سرونٹ حکمرانوں کے غلط احکام نہ مانیں۔

جمعے کو اپنا بجلی کا بل عوام کے سامنے جلاؤں گا اور اس وقت تک بل ادا نہیں کروں گا، جب تک حکمران نہیںبتاتے کہ بجلی کی قیمت میں 80 فیصداضافہ کیوں ہوا اوربجلی چوری روکنے کے بجائے بوجھ عوام پر کیوں ڈالا گیا؟۔ پنجاب میں لوگ غلام بنے ہوئے ہیں۔

کیونکہ تھانوںکے ذریعے ان پر ظلم کیا جاتا ہے۔ نواز شریف کے استعفے تک دھرنا ختم نہیں کرونگا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کراچی تا کشمیر تک انصاف اور احتساب کا بول بالا ہو گا، نوازشریف کاجانا ٹھہرگیا، نیا پاکستان بن کر رہے گا۔

تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف اپنی تحریک کو ملک بھر میں پھیلانے کے لیے ہراتوار کو بڑے بڑے شہروں میں احتجاجی جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے چیئرمین عمران خان اور پارٹی کے دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔

اس بات کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میںکیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین، عارف علوی و دیگر شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تحریک انصاف کے زیراہتمام اتوار 21 ستمبر کو کراچی احتجاجی جلسہ ہو گا جس سے عمران خان اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے، جلسے کے انتظامات کے لیے پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل کو خصوصی احکام جاری کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت کی طرف سے ساڑھے 5 مطالبات کی منظوری کا دعویٰ صرف پروپیگنڈا ہے جسے ہم مستر د کرتے ہیں، حکومت کیساتھ تو ڈیڑھ مطالبے پر بھی اتفاق نہیں ہو سکا۔