نواز شریف لندن میں انرجی کانفرنس کا افتتاح کریں گے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

پاکستان (جیوڈیسک) وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اپنے برطانیہ کے دورے کے دوران جمعرات کو پاکستان برطانیہ انرجی ڈائیلاگ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ ریڈیو پاکستان نے وزیرِ اعظم کے دفتر کے حوالے سے بتایا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیت اور توانائی کے کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔

پاکستان برطانیہ انرجی ڈائیلاگ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح جعمرات کو لندن میں ہوگا۔ کانفرنس میں مہارت اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ اس کے توانائی کی ضرورت پوری ہوں۔

جرمنی کے شہر برلن سے لندن روانہ ہوتے ہوئے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے توانائی کے شعبے میں اور سرمایہ کاری کے لیے چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

وزیرِ اعظم پاکستان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں پہلی دفع پیٹرولیئم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ سطح پر کمی کر دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں بروئے کار لانے کے لیے بے پناہ وسائل ہیں اور حکومت لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم جرمنی کے دو روزہ دورے کے بعد لندن پہنچے ہیں۔
نواز شریف کے جرمنی کے دورے کے دوران منگل کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات میں پاکستان اور جرمنی نے مختلف شعبوں، خاص طور پر توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ جرمنی نے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرنے کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سے متعلق اُمور کے علاوہ علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے نواز شریف چین کے دورے پر گئے تھے۔