نواز شریف اور منموہن سنگھ کے درمیان ستمبر میں ملاقات متوقع

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ممبئی (جیوڈیسک) پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے درمیان ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات متوقع ہے۔ بھارتی حکومت نے پاکستانی حکام کو پہلے ہی اطلاع دی ہے کہ من موہن سنگھ اپنے ہم منصب نواز شریف سے ستمبر کے آخری ہفتے میں ملاقات کے خواہشمند ہیں۔

من موہن سنگھ نے 2012 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم من موہن سنگھ نے اس مرتبہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ دوسری طرف امریکی صدر براک اوباما نے وزیر اعظم من موہن سنگھ کو ستمبر کے آخری ہفتے میں واشنگٹن کی دو طرفہ مذاکرات کی دعوت دی ہے۔

بھارتی حکومتی ذرائع کے مطابق امریکی صدر سے ملاقات کے بارے میں ابھی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔ امید کی جارہی ہے کہ من موہن سنگھ، نواز شریف کی تعلقات بہتر بنانے کی دعوت کا مثبت جواب دیں گے۔ اب تک من موہن سنگھ نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے باقاعدہ طور پر اعلان نہیں کیا ہے کیونکہ ستمبر میں ہی ان کو امریکی صدر براک اوباما نے دو طرفہ مذاکرات کی دعوت دی ہے۔