نواز شریف کی طبی بنیاد پر سزا معطلی کی درخواست اعتراض کیساتھ سماعت کیلیے مقرر

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیاد پر سزا معطلی کی درخواست ہائی کورٹ نے اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

نوازشریف کی طبی بنیادوں پر درخواست اعتراضات کے ساتھ آج ہی سماعت کےلیے مقرر کردی گئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کا جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ اب سے کچھ دیر بعد سماعت کرے گا۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیاد پر سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کردیا تھا، رجسٹرار آفس نے متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف، نواز شریف کی اپیل میں متاثرہ فریق نہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں طبی بنیادوں پر نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف متعدد بیماریوں کی وجہ سے بہت تکلیف میں ہیں۔

نواز شریف کی صحت شدید خراب ہے لہذا العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی سزامعطل کی جائے، نواز شریف کی موجودہ بیماری سے انکی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، سروسز اسپتال کے ڈاکٹر ابھی تک نواز شریف کی بیماری کی تشخیص نہیں کر سکے، لگ رہا ہے بون میرو پلیٹلٹس بن نہیں رہا اور بیماریوں سے بچانے والا اندرونی نظام کمزور ہو چکا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف کو ضمانت پر رہا کیا جائے، غیرملکی ڈاکٹروں کی سفارشات کے باوجود نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی اجازت نہیں دی گئی لہذا پاکستان یا بیرون ملک نواز شریف کو مرضی سے علاج کرانے کی اجازت دی جائے۔