نیلم جہلم پراجیکٹ کے سکوک وٹی ایف سیز کو ٹیکس چھوٹ کا فیصلہ

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف بی آر نے ملک میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی فنڈ ریزنگ کیلیے سکوک اور ٹرم فنانسنگ سرٹیفکیٹس (ٹی ایف سیز) کے اجرا کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ایف بی آر حکام نے بتایا کہ واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا )کی طرف سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے درکار فنڈز کے حصول کے لیے جاری کردہ 10 ارب روپے مالیت کے سکوک اور ٹی ایف سیز کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر نے کی درخواست کی ہے جس کیلیے انکم ٹیکس آرڈیننس میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے واپڈا کی درخواست کی اصولی منظوری دیدی ہے تاہم حتمی فیصلہ وزیر خزانہ کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ واپڈا کی طرف سے دی جانیوالی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سکوک و ٹی ایف سیز کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کی منظوری دے رکھی ہے لہٰذا ای سی سی کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جلد ازجلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔