نئی حکومت کے آنے کے بعد بھی کراچی کے حالات بہتر نہیں ہو سکے، وزیر داخلہ

Ch Nisar

Ch Nisar

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ڈھیلے ڈھالے انداز میں کراچی کے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے، سندھ حکومت کو ایک ڈیڑھ ماہ ہوگیا حالات میں بہتری نہیں آئی۔ یہ بات انہوں نے کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی آنے کا مقصد وزیر اعلی، گورنر سندھ اور وفاق سیکیورٹی اداروں کے حکام سے ملاقا ت ہے۔

تاکہ شہر کے امن وامان سے متعلق معاملات سے آگہی ہوسکے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے۔ ڈھیلے ڈھالے انداز میں کراچی کے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ گورنر راج کا کہیں ذکر نہیں لیکن کراچی کے معاملات اس انداز سے نہیں چلائے جاسکتے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ صدارتی اتنخاب کے حوالے سے پیرپگارا سے ملاقات کروں گا ایک دور وز میں صدارتی امیدوار کا اعلان ہو جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما عمران فاروق قتل کیس سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت نے اس معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا۔