نیوم: سعودی، عمانی رابط کونسل کے قیام سے متعلق سمجھوتے پر دستخط

King Salman bin Abdul Aziz

King Salman bin Abdul Aziz

نیوم (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب اور عُمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ رابطہ کونسل کے قیام سے متعلق سمجھوتا طے پا گیا ہے۔

دونوں ملکوں کے حکام نے نیوم میں اتوار کے روز سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور عُمان کے سلطان ہیثم بن طارق کی موجودگی میں اس سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔اس سمجھوتے کا مقصد دونوں خلیجی ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے لیے روابط کو مربوط بنانا ہے۔

سلطان ہیثم اتوار کی صبح سعودی عرب کے دوروزہ سرکاری دورے پر نیوم پہنچے تھے۔کووِڈ-19 کی وَبا پھیلنے کے بعد ان کا یہ سعودی عرب کا پہلا دورہ اور شاہ سلمان سے پہلی ملاقات کی ہے۔انھیں اس دورے کی دعوے شاہ سلمان نے دی تھی۔

اس سے پہلے سلطان ہیثم بن طارق نیوم بے کے ہوائی اڈے پر پہنچے تو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔

ان کے استقبال کے لیے سعودی شاہینوں نے فضائی شو کا مظاہرہ کیا اور آسمان میں عُمان کے قومی پرچم کے رنگ بکھیر دیے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس کے بعد عُمانی سلطان کو نیوم میں واقع شاہی محل لے جایا گیا جہاں انھوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات اور باضابطہ بات چیت کی۔

دونوں رہ نماؤں نے سعودی عرب اور عُمان کےدرمیان گہرے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا اور انھیں مختلف شعبوں میں فروغ دینے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔خادم الحرمین الشریفین نے سلطان ہیثم بن طارق اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

ایس پی اے کے مطابق سلطان ہیثم کے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مواقع کا جائزہ لینا ہے۔