نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میں بھارت کو شکست دیکر سیریز بھی اپنے نام کرلی

New Zealand

New Zealand

ہیملٹن (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ نے گھر کے شیر بھارت کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز بھی 0-3 سے اپنے نام کر لی۔

نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں بلیک کیپس نے بھارت کی جانب سے 278 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ اور سیریز اپنے نام کر لی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے روز ٹیلر نے ناقابل شکست 112 رنز جبکہ کین ولیم سن نے 60، کپتان برینڈن میک کولم نے 49 اور مارٹن گپٹل نے 35 رنز اسکور کئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی اور ورن ارون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایک کھلاڑی کو رویندرا جڈیجا نے رن آؤٹ کیا۔

قبل ازیں بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت نے مقررہ 50 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔ مہندرا سنگھ دھونی اور روہت شرما نے 79، 79 جبکہ رویندرا جڈیجا نے 62 رنز کی اننگ کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2 جبکہ کائل ملز، ہمیش بینیٹ اور کین ولیم سن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا ون ڈے برابر ہو گیا تھا جبکہ ابتدائی 2میچوں میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی۔