آئندہ بجٹ میں عوام کی ترقی و خوشحال کیلئے قدامات اٹھائے ہیں، سراج الحق

Siraj Ul Haq

Siraj Ul Haq

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختون خوا کے وزیر خزانہ سراج الحق نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کی ترقی و خوش حالی کے لئے قابل ذکر اقدامات کئے گئے ہیں۔ عوام نے جس طرح انہیں تبدیلی کا ووٹ دیا۔وہ بھی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔

پشاور میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں صوبائی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 41 ارب روپے زیادہ ہے جس میں تعلیم اورصحت کو ترجیح دی گئی ہے۔نامساعد حالات کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

لیکن اب صوبے کے چار لاکھ ملازمین کو بھی اپنی خدمات کا معیار بہتر بنانا ہوگا۔سراج الحق نے کہا کہ پٹواری کلچر کو ختم کرنے کے لئے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائز کیا جائے گا۔ گورنر ہاوس اور وزیر اعلی ہاوس کے اخراجات میں پچاس فیصد کمی کر دی گئی ہے۔

حکومت سادہ طرز حکمرانی اختیار کرے گی اور زیادہ تر رقم عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوام نے انہیں تبدیلی کے لئے ووٹ دئیے اور اب مخلوط حکومت اپنے منشور کے مطابق تبدیلی لا کر ہی دم لے گی۔