آئندہ ہفتے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی

Islamabad Rain

Islamabad Rain

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی۔ اتوار سے بدھ کے دوران بالائی سندھ، جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان ،خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

کپاس اور گندم کی کاشت کے علاقوں میں گرد آلود آندھیاں چلیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جو بدھ تک جاری رہے گا، 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، بہاولپور، کوئٹہ، ژوب، حیدر آباد، میر پورخاص، قلات، کشمیر، گلگت بلتستان میں بارشیں ہوں گی۔

اتوار سے بدھ کے دوران بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش تو ہو گی ہی پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اتوار سے جمعرات کے دوران کپاس اور گندم کی کاشت کے علاقوں میں گرد آلود آندھیاں چلیں گی۔

کاشت کے ان علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس لئے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دادو 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہر رہا، سکھر، بے نظیر آباد(نوابشاہ)، بہاولنگر میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ تربت اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔