شمالی وزیرستان میں فورسز پر حملہ، ایک اہلکار شہید

Wazirstan Security Forces

Wazirstan Security Forces

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) شمالی وزیرستان کے تحصیل شوال میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز پر نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ اور آئی ای ڈی حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ڈابر میانی کے مقا م پر ہفتے کو فورسز پر نامعلوم شدت پسندوں نے فائرنگ کی جس سے اہلکار سید رحمن موقع پر شہید جبکہ لانس نائیک طارق اور لانس نائیک عاطف زخمی ہوئے جنھیں میرانشاہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فورسز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی،علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ایک آئی ای ڈی دھماکے سے پھٹ گئی تاہم اس میں فورسزکے جوان محفوظ رہے۔

شوال شمالی وزیرستان کا انتہائی مغرب میں واقع پاک افغان سرحد کے ساتھ متصل علاقہ ہے جہاںہر طرف گھنے جنگلات اور اونچے اونچے پہاڑ ہیں جس کو ضرب عضب کے بعد سے اب تک کلیئر قرار نہیں دیا گیا ہے اسی وجہ سے اس علاقے میں اکثر اوقات فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے ہو تے رہے ہیں۔