اوگرا کرپشن کیس : توقیر صادق کو وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش

Ogra corruption case

Ogra corruption case

اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا کرپشن کیس میں گرفتار توقیر صادق کو نیب نے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کر دی۔ نیب تفتیش میں بڑے بڑے نام سامنے آگئے۔ اسلام آباد نیب کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ 82 ارب روپے کی کرپشن میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور پرویز اشرف بھی ملوث ہیں۔ جبکہ دو سابق وزیر ڈاکٹر عاصم اور رحمان ملک بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے رہے۔

سکروٹنی کمیٹی نے توقیر صادق کو چیئرمین اوگرا کی تقرری کے لئے نااہل قرار دیا تھا تاہم اس وقت کے وزیر آئی ٹی راجہ پرویز اشرف جو سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین تھے انہوں نے توقیر صادق کی تقرری کی سفارش کی جس کی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے توثیق کر دی۔

جہانگیر بدر بھی اس تعیناتی میں اثر انداز ہوئے۔ وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم پرالزام ہے کہ انہوں نے توقیر صادق کے ذریعے غیر قانونی طور پر سی این جی سٹیشن لگوائے اور گیس چوری کرائی۔ جبکہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے توقیر صادق کو ملک سے فرار کرایا۔ نیب نے توقیر صادق کو یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور کرپشن میں ملوث دیگر افراد کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کی ہے۔