اپوزیشن لیڈر کی تقرری، حکومت نے بد نیتی کا مظاہرہ کیا، لیاقت بلوچ

Liaquat Baloch

Liaquat Baloch

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اپوزیشن لیڈر کے تقرر میں حکومت نے بد نیتی کا مظاہرہ کیا۔ پارلیمنٹ میں موجود دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران پیپلز پارٹی سے زیادہ تعداد میں موجود ہیں لیکن ان کا اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ ن کو قابل قبول نہیں تھا کیونکہ دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے کا عہد کیا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے منصورہ میں جاری شباب لیڈر شپ کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کاکہناتھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود دونوں پارٹیاں چیئرمین نیب کے تقرر پر اس لیے متفق نہیں ہو رہیں کہ وہ اپنی کرپشن کو چھپانا اور ایسا فرد لانا چاہتی ہیں جو ان کی کرپشن کے کیس نہ کھولنے کی یقین دہانی کروائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کرپشن کی دلدل میں دھنستا جارہاہے۔ پی آئی اے، ریلوے اور اسٹیل ملز سمیت قومی ادارے تباہ ہو رہے ہیں۔

لیاقت بلوچ کی لاہور میں برطانیہ کی سینئر وزیر سعیدہ وارثی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطہ کی صورتحال، دہشت گردی، تخریب کاری، انتہا پسندی کی پاکستان میں وجوہات، پاکستان میں امن کے لیے بیرونی مداخلت کے خاتمہ، جمہوریت کے استحکام، امن کے لیے مذاکرات کی ناگزیریت پر تبادلہ خیال ہوا۔