ہمارا ملکی معیشت کا زیادہ تر انحصار زراعت پر ہے، محمد توفیق بٹ

گوجرانوالہ : ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے کہا ہے کہ ہمارا ملکی معیشت کا زیادہ تر انحصار زراعت پر ہے اور اﷲ رب العزت نے بھی اپنے فضل و کرم سے نوازتے ہوئے پاکستان کو سب موسموں سے نوازا ہے یہی وجہ ہے کہ زمیندار اور کسان اپنی محنت اور اﷲ کے حکم سے اچھی فصلیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینکہ چیمہ ڈیرہ جموں والا میں گندم کی فصل کی کٹائی کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات کی وجہ سے کسانوں کو ریلیف مل رہا ہے اور کسانوں کو ان کی تیار ہونیوالے گندم کی فصل کے اچھے دام ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زمیندار اور کسان دن رات فصل کی حفاظت کرکے اس کے پکنے کا انتظار کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب بھی زمینداروں اور کسانوں کو ان کی فصل کے مہنگائی کے تناسب سے ریٹ ملنے کیلئے خصوصی اقدامات کرتی ہے۔

ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے کہا کہ اگر کسان اسی طرح محنت و لگن سے معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہے تو ملک پاکستان جلد ہی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے میں کامیاب ہو جائیگا۔