بیرونی ادائیگیاں، سرکاری زرمبادلہ ذخائر 5 ارب ڈالر سے نیچے آگئے

Dollars

Dollars

کراچی (جیوڈیسک) حکومت کی جانب سے بیرونی ادائیگیوں مد میں 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کیے جانے کے باعث غیرملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 15 کروڑ 7 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکزی بینک کے ذخائر کی سطح بھی5ارب ڈالر سے گرگئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 4 اپریل کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 15 کروڑ 7لاکھ ڈالر کمی سے 9 ارب 86 کروڑ 42 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 9 ارب 71 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے، مرکزی بینک کے ذخائر 22 کروڑ 84 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد 5 ارب 17 کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی سطح سے گر کر 4 ارب 94 کروڑ 32 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 7 کروڑ 77 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 4ارب 69 کروڑ 26 لاکھ ڈالر کی سطح سے بڑھ کر 4 ارب 77 کروڑ 3 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

مرکزی بینک نے گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف اور دیگر بیرونی ادائیگیوں کی مد میں 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کیے جبکہ اس دوران ملٹی لٹرل اور بائی لٹرل کی مد میں کوئی قابل ذکر وصولیاں نہیں ہوئیں۔