پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح اور اموات میں معمولی کمی

Pakistan Corona Cases

Pakistan Corona Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 53 افراد انتقال کر گئے اور 4040 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 53 ہزار 528 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4040 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 53 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.54 فیصد رہی۔

گزشتہ روز پاکستان میں کورونا سے 68 اموات اور 4455 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.09 فیصد تھی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 918 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 41 ہزار 620 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2765 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 64 ہزار 404 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 83298 ہے۔