پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 269 اور کیسز 12 ہزار 723 ہو گئے

Pakistan Coronavirus Cases

Pakistan Coronavirus Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس سے مزید 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 269 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 12723 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 93 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ پنجاب میں 81، سندھ میں 78، بلوچستان میں 11، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔

آج کے کیسز کی صورتحال
اتوار کے روز اب تک 4 اموات اور 65 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 52 کیسز اور 3 اموات پنجاب میں 12 نئے کیسز اسلام آباد میں جب کہ ایک نیا کیس اور ایک ہلاکت بلوچستان میں رپورٹ ہو ئی۔

گزشتہ روز ملک بھر سے کورونا وائرس کے 922 کیسز اور 17 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔

سندھ
ہفتے کے روز صوبے میں 287 کیسز اور 3 اموات ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی کی تھی جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4232 اور اموات 78 ہو گئی ہیں جب کہ 802 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پنجاب
پنجاب سے آج کورونا وائرس کے مزید 52 کیسز اور 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 5378 اور ہلاکتیں 81 ہو گئی ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1096 صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 235 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان
بلوچستان میں آج اب تک ایک نیا کیس اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 722 اور ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں ہفتے کو 85 نئے کیسز اور 4 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 93 جب کہ مجموعی کیسز 1793 ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 485 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں ہفتے کو صرف ایک کورونا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 308 ہوگئی جب کہ اب تک 216 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 89 ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں جمعے اور ہفتے کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی تھی۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔

’پاکستان میں جولائی تک کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ ہوسکتی ہے‘
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گھیبریوسس نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں مزید مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو جولائی کے وسط تک کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی گئی۔

کورونا کے حوالے سے 15 دن اہم ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے آئندہ 15 روز بہت اہم ہیں لہذا عوام گھروں میں رہیں اور اسے ہی عبادت گاہ بنا لیں۔ مزید پڑھیں۔۔

خواتین ڈاکٹرز عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے روپڑیں
کرونا وائرس کے حوالے سے کراچی پریس کلب میں خواتین ڈاکٹرز عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے روپڑیں۔

رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر
ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ
وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 15 مئی تک توسیع
سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع 30 اپریل سے بڑھا کر 15 مئی تک کر دی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم بھی جاری کردیا ہے۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔