پی آئی اے کی زائد کرایہ لینے والے تمام ایجنٹس کیخلاف سخت کارروائی

PIA Agents

PIA Agents

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی ائیرلائن (پی آئی اے) نے مسافروں کو خصوصی پروازوں کی بکنگ میں دشواری پر وضاحت پیش کر دی۔

چند روز قبل مسافروں نے شکایت کی تھی کہ دبئی میں پاکستان آنے والے مسافروں کو مہنگے ٹکٹس فروخت کیے جارہے ہیں جس پر مسافروں نے پاکستان قونصل خانے کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔

اس متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ شکایات موصول ہوئیں ہیں کہ کچھ ایجنٹس نے موقع سے فائدہ اٹھا کر قیمت سے زیادہ کرائے وصول کیے ایسے تمام ایجنٹس کے خلاف ضابطہ کے مطابق سخت کارروائی کی جارہی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خصوصی پروازیں حکومت پاکستان اور غیر ملکی حکومتوں کی ایما پر ملکی مفاد میں چلائی جا رہی ہیں جس سے بیرون اور اندرون ملک پھنسے افراد کی گھروں کو واپسی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی نشستوں کے حصول کے لیے فہرستیں سفارت خانے مہیا کرتے ہیں اسی لیے متعلقہ سفارت خانے پاکستان میں اور پاکستان سے باہر اپنے اپنے شہریوں کی رجسٹریشن کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق مخصوص تعداد میں نشستیں ہونے کے باعث پروازیں بہت جلدی پر ہو جاتی ہیں، جہاں پر مکمل پرواز بھرنے کی درخواستیں سفارت خانے کے پاس موجود نہیں وہاں نشستیں فروخت کے لیے دستیاب کی جاتی ہیں تاہم تمام مسافروں پرواز کا اعلان ہوتے ہی فوری طور پر متعلقہ سفارت خانے یا پی آئی اے سے رجوع کریں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشنز معطل ہیں صرف خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا رہا ہے۔