پاکستان الیکشن کمیشن نے مایوس کیا، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے عام انتخاب میں پولنگ اسٹیشن پر وفاق اور صوبائی ملازمین کی تعیناتی کے حوالے سے ایکشن کمیشن کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ،دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے الیکشن کمیشن نے مایوس کیا ہے ،ایکشن میں سب صوبوں نے اپنے امپائرز لگا رکھے تھے۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تحریک انصاف کی چار حلقوں میں دھاندلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران سیکرٹری ایکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کورٹ کوبتایا کہ عام انتخابات کے دوران وفاقی حکومت نے انتخابی عملہ کم دیاجس کے باعث بعض حلقوں میں وفاقی ملازمین کی تعیناتی نہ ہو سکی۔

الیکشن کمیشن نے عملے کی لسٹیں پولنگ اسٹیشن پر بھجوا دی تھیں، ان کی ڈیوٹیاں لگانا ریٹرنگ آفیسر زکے اختیار میں تھا۔ سپریم کورٹ نے ایکشن کمیشن کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل درآمد نہیں کیا گیا ،ایکشن کمیشن سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے۔ اٹارنی جنرل کو کیس کی معاونت کے لیے نوٹس بھی جاری کیااور کیس کی سماعت مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔

کیس کی سماعت کے دوران حلقہ این اے 125 لاہور اور این اے 154 لودھراں کے بارے میں الیکشن ٹربیونل کا جواب پڑھ کر سنایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوارحامد خان اپنی مرضی سے رپورٹ لینا چاہتے ہیں، الیکشن ٹربیونل کے سامنے نہ گواہ پیش کیے گئے ، نہ ہی دھاندلی کے کوئی ثبوت دیئے گئے۔تحریک انصاف صرف نادرا سے انگوٹھوں کی تصدیق کرانے پر اصرار کر رہی ہے۔

حامد خان نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل کے جج معاملہ نمٹانا نہیں چاہتے تھے، پٹیشن کسی دوسرے ٹربیونل کو بھجوانے کی درخواست دی تھی، جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ کو الیکشن ٹربیونل کے سامنے دھاندلی کے ثبوت رکھنے چاہئے تھے۔ کیس کی سماعت کے بعد عمران خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ایکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی، ہمیں کیا پتہ تھا کہ سابق چیف ایکشن کمیشنر فخر الدین جی ابراہیم کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا، ہم تو چیف جسٹس اور ایکشن کمیشن پر اعتماد کر کے میچ کھیلنے گئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے کبھی کوئی گلہ نہیں رہا، اب بھی انصاف کے لیے سپریم کورٹ پر اعتماد ہے۔ اگر ہمارے یہ لیگل دروازے بھی بند ہوئے تو تحریک انصاف ملک بھر میں سڑکوں پر نکل آئے گئی۔