پاکستانی گلوکارہ نے بھارتی فلم سازوں کے دل جیت لئے

کراچی ( شوبز رپورٹر) پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ اربیشم جنہوں نے بھارت کے معروف کمار و موسیقار کمار سانو کے ساتھ اپنے پہلے ہی البم ”جاناناں ” کے ذریعے میدان موسیقی میں فتح و کامیابی کے جھنڈے گاڑ کر شہرت کی بلندیاں حاصل کرلی تھیں اب ان کے مداحوں کیلئے یہ انتہائی خوشی کی خبر ثابت ہو سکتی ہے کہ وہ انہیں عنقریب پردہ سیمیں پر بھی دیکھ سکیں گے کیونکہ ترکی میں پیدا ہونے والی پاکستانی گلوکارہ اربیشم کے مشرقی و مغرب دونوں ہی کی ثقافت لئے حسین سراپے سے بھارت کے مایہ ناز فلم سازوں کو ان کی جانب متوجہ ہونے پر مجبور کردیا ہے اور اربیشم بہت جلد ”جسٹ ایم ایم ایس ” نامی فلم میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔

فلم آدھی سے زیادہ مکمل ہوچکی ہے اور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کی عکس بندی کیلئے کراچی شہر میں مستقل سکونت رکھنے والی اربیشم مارچ میں بھارت روانہ ہو رہی ہیں ، واضح رہے کہ مرکزی کردار ادا کرنے والی اربیشم پر فلمائے گئے مذکورہ فلم کے گانے ” دلی والا دل لے گیا ” نے باکس آفس پر مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے ہیں ۔ اربیشم نے ہمارے نمائندہ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ مذکورہ فلم کے علاوہ انہیں اور بہت سے بھارتی فلم سازوں کی جانب سے درجنوں فلموں کی آفرز ہیں مگر میں اسکرپٹ دیکھ کر صرف اچھی ، معیاری ، ولگیریٹی سے پاک فلموں میں کام کروں گی اور دیگر ہیروئنز کی طرح ایسا کوئی کام نہیں کروں گی جس سے پاکستان کے وقار پر کوئی آنچ آئے یا پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک جائیں۔