اب کیا ہوگا

Nawaz Shrif

Nawaz Shrif

گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف 13 سال اور 8 ماہ بعد تیسری بار دوتہائی اکثریت سے زائد ووٹوں سے ملک کے وزیراعظم منتخب ہو گئے، نومنتخب قائد ایوان میاں نوازشریف نے 317 ارکان میں سے 244 ووٹ حاصل کئے جبکہ پیپلز پارٹی کے مخدوم امین فہیم کو 42 اور تحریک انصاف کے مخدوم جاوید ہاشمی کو 31 ووٹ ملے، متحدہ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ضیاء اور فنکشنل لیگ سمیت فاٹا کے ارکان نے بھی قائد ایوان کے انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کو ووٹ دئیے۔

بدھ کی دوپہر قومی اسمبلی میں میاں نوازشریف، مخدوم امین فہیم اور مخدوم جاوید ہاشمی کے درمیان وزارت عظمیٰ کے لئے مقابلہ ہوا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ارکان کو قائد ایوان کے انتخاب کیلئے شیڈول اور طریقہ کار سے آگاہ کیا جس کے بعد پانچ منٹ کے لئے گھنٹیاں بجانے کے بعد ایوان میں داخلے کے تمام دروازے بند کر دئیے گئے 12 بجکر 38 منٹ پر سپیکر نے ارکان کو اپنے اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالنے کے لئے تین لابیوں میں تقسیم کر دیا۔ میاں نوازشریف کو ووٹ ڈالنے والوں کو اے لابی، مخدوم امین فہیم کو ووٹ ڈالنے والوں کو لابی بی اور جاوید ہاشمی کو ووٹ دینے والوں کو لابی سی میں جانے کے لئے کہا گیا، تینوں لابیوں کے داخلی دروازے پر قومی اسمبلی کا عملہ ارکان کے ناموں کا اندراج کرتا رہا۔

وزارت عظمیٰ کا انتخاب ڈویڑن کی بنیاد پر ہوا جب ایوان میں موجود تمام ارکان اپنی اپنی لابیوں میں اپنے اپنے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے کے لئے جا چکے تو سپیکر نے ایک بار پھر ایوان میں دو منٹ کے لئے گھنٹیاں بجوائیں تاکہ اگر کوئی رکن ووٹ ڈالنے سے رہ گیا ہو تو وہ ووٹ ڈال سکے اس کے بعد سپیکر نے عملہ سے کا ونٹ فہرست منگوائی جس کے بعد انہوں نے ارکان کو ایوان میں واپس آنے کے لئے کھا تقریباً نصف گھنٹے میں پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا۔

National Assembaly

National Assembaly

ایک بجے سیکرٹری قومی اسمبلی کرامت حسین نیازی نے نتائج مرتب کر لئے، تینوں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں نے بھی گنتی کے عمل کی نگرانی کی۔ قائد ایوان کے انتخاب میں کل 317 ارکان قومی اسمبلی نے حصہ لیا۔ ایک بج کر بیس منٹ پر سپیکر سردار ایاز صادق نے نوازشریف کے وزیراعظم آف پاکستان منتخب ہونے کا اعلان کیا کہ میاں نوازشریف نے 244، امین فہیم نے 42 اور جاوید ہاشمی نے 31 ووٹ حاصل کئے گئے۔ نتائج کے اعلان کے بعد انہوں نے میاں نوازشریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ سپیکر نے میاں نوازشریف کو باضابطہ طور پر قائد ایوان کی نشست سنبھالنے کی دعوت دی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نوازشریف نے وزیراعظم کی حیثیت سے بدھ کو حلف اٹھا لیا۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ہونے والی ایک تقریب میں ان سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعظم مہر ہزار خان کھوسو، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی، نوازشریف کے اہل خانہ، فہمیدہ مرزا، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان غوث بخش باروزئی شریک تھے۔ تقریب حلف برداری میں صدر زرداری اور نوازشریف کے آتے ہی قومی ترانہ سنایا گیا جبکہ تقریب کا باقاعدہ
آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ وزیراعظم نوازشریف نے حلف اٹھانے کے بعد صدر زرداری سے مصافحہ کیا۔

Drone Attacks

Drone Attacks

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کے گھمبیر مسائل کے حل کے لئے حکومت اور اپوزیشن کو ایک صفحہ پر ہونا ہو گا، اکھٹے ہو کر ہی عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مشترکہ ایجنڈا تیار کرنے کی دعوت دی اور اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ جلد تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ اب ڈرون حملوں کا باب بند ہونا چاہئے، ہم دوسروں کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں تو دوسروں کو بھی ہماری خود مختاری کا احترام کرنا چاہئے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کسی کو کرپشن کی اجازت نہیں دے گی، بدعنوان عناصر کا سخت محاسبہ کیا جائے گا، وقت نے ثابت کر دیا پاکستان اور جمہوریت لازم و ملزوم ہیں۔

تمام اہم ملکی اداروں کے سربراہوں کا تقرر میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہو گا اور یہ تمام عہدے آئندہ چند روز میں ملکی اور غیر ملکی اخبارات میں مشتہر کر دئیے جائیں گے۔ سب سے پہلے اللہ کا شکر کہ پاکستان اور پاکستانیوں کی خدمت کا موقع دیا عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ان پر اعتماد کیا، یہ اعتماد میرا قیمتی سرمایہ ہے میں اس اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاوں گا، عوام تعمیر وطن کے مشن میں میرے شانہ بشانہ رہیں گے، تمام ووٹرز مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی پسند کی جماعت کو ووٹ دیا، ووٹ دینے اور نہ دینے والوں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، تمام ارکان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کی تقریر سن کرکرپٹ افراد اور نوسرباز گروپ پریشان ہو کر ایک دوسرے سے سوال کرتے رہے کہ اب کیا ہو گا۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اب میاں صاحب نے جو وعدے قوم سے کیے ہیں وہ ہر قیمت پرپورکرینگے۔

Ghulam Murtaza Bajwa

Ghulam Murtaza Bajwa

تحریر: غلام مرتضیٰ باجوہ