پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ کے اخراجات ادا کرنے کی درخواست

Pakistan

Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) زرمبادلہ ذخائر میں تشویش ناک حد تک کمی کو دیکھتے ہوئے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کی جلد ادائیگی کی درخواست کر دی۔

اسلام آباد میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دینے کیلئے امریکی سفیر سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کی جلد ادائیگی کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو رواں ماہ جنگی اخراجات کی مد میں امریکا سے 38 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر 3 ارب ڈالر کے قریب رہ گئے ہیں جو ایک ماہ کے درآمدی بل سے بھی کم ہو چکے ہیں۔

ذخائر میں مسلسل کمی کی وجہ سے روپیہ بھی عدم استحکام کا شکار ہے اور ڈالر کے مقابلے جولائی سے اب تک روپیہ 8 فیصد گراوٹ کا شکار ہو چکا ہے۔