فلسطینی صدر محمود عباس کی رام اللہ میں اسرائیلی وزیر دفاع سے ملاقات

 Mahmoud Abbas

Mahmoud Abbas

فلسطین (اصل میڈیا ڈیسک) فلسطینی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے ایک رُکن حسین الشیخ نے پیر کی صبح کہا ہےکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز سے فلسطین ۔ اسرائیل تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان یہ ملاقات رام اللہ میں ہوئی۔

الشیخ نے ٹویٹرپرکہا کہ محمود عباس نے اتوار کی شام کو رام اللہ میں بینی گینٹز سے ملاقات کی۔ تاہم انہوں نے اس ملاقات کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔ صرف اتنا کہا کہ ملاقات میں فلسطین۔ اسرائیل تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع کے دفتر نے بتایا کہ گینٹز نے کل رات رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ملاقات میں دونوں فریقوں کے درمیان سیکورٹی ، سیاسی ، سول اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گینٹز نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر کو بتایا کہ اسرائیل مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی معیشت کو فروغ دیںے کے لیے اقدامات پرتیار ہے۔

دونوں فریقوں نے مغربی کنارے اورغزہ کی پٹی میں سلامتی ، اقتصادی اور سول امور کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطینی اور اسرائیلی فریقوں کے مابین سیاسی مذاکرات 2014 میں سے معطل ہیں۔ یہ ملاقات 2010 کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے صدر کے ساتھ اسرائیلی حکومتی عہدیدار کی پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔

مئی کے آخر میں امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے رام اللہ میں صدر عباس سے ملاقات کے دوران اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن باہمی احترام کی بنیاد پر فلسطینی اتھارٹی اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے القدس میں امریکی قونصل خانہ دوبارہ کھولنے کے عمل کو آگے بڑھانے پربھی بات چیت کی۔