بیت المقدس اور فلسطینیوں کو اسرائیل سے آزادی دلوانا اُمہ پر فرض ہے: حافظ سعید

Hafiz Muhammad Saeed

Hafiz Muhammad Saeed

لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اسلامی ممالک کو ساتھ ملا کر فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔

اس مسئلے کو او آئی سی اور سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی بربریت کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا۔ چوبرجی چوک سے بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائیگی۔ ملک بھر میں ہونیوالے پروگراموں میں دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بھی شریک کیا جائیگا۔ قبلہ اوّل بیت المقدس اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو غاصب اسرائیل سے آزادی دلوانا پوری مسلم امہ پر فرض ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی حقوق انسانی کی تنظیمیں فلسطینی مسلمانوں پر بدترین ظلم و ستم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، فلسطینی مسلمان ہمارے بھائی ہیں۔ اسرائیلی جارحیت صرف فلسطین تک محدود نہیں اس نے کشمیر میں بھی اڈے بنا رکھے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی انسٹرکٹرز بھارتی فوج کو تحریک آزادی کشمیر کچلنے کی تربیت دے رہے ہیں۔

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ عالم اسلام کے قائدین اپنی ذمہ داریاں نبھائیں یہ فوجیں آخر کس لئے ہیں؟ یہ عالم اسلام کی حفاظت کیلئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جہاد اور اتحاد کا راستہ اختیار کیا جائے۔

اگر آج بھی عالم اسلام اور پوری اُمت مسلمہ نے اپنی ذمہ داری کا احساس نہ کیا تو صرف فلسطین ہی نہیں تمام مسلمان ممالک ایک ایک کر کے اسلام دشمن طاقتوں کا ہدف بنتے چلے جائیں گے اور کوئی انہیں تحفظ فراہم نہیں کرسکے گا۔