پاناما میں روکے گئے شمالی کورین جہاز میں فوجی سازو سامان کی تصدیق

Ship

Ship

کیوبا (جیوڈیسک) کیوبا نے پاناما میں روکے گئے شمالی کوریا کے جہاز میں فوجی سازو سامان کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔ کیوبا کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ شمالی کوریا کا جہاز کیوبا سے فرسودہ فوجی سازو سامان مرمت کے لیے شمالی کوریا لے کر جا رہا تھا۔ گزشتہ ہفتے پاناما میں روکے جانے والے شمالی کوریا کے جہاز میں چینی کے ساتھ خفیہ طور پر غیر اعلان شدہ فوجی سازو سامان ملا تھا۔ کیوبا کے وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں بین الااقوامی قوانین کا احترام اور امن کے قیام کے لیے جوہری عدم پھیلاو سمیت تخفیفِ اسلحہ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز میں 240 ٹن فرسودہ دفاعی سامان موجود ہے جس میں دو انٹی میزائل کمپلکس، نو میزائلوں کے پرزے اور لڑاکا جہازوں کے پرزے شامل ہیں۔ کیوبا کی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دفاعی سازو سامان بہت پرانا ہے جو مرمت کے بعد کیوبا کو واپس کیا جائے گا۔ پاناما کے صدر ریکارڈو مارٹنیلی نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ شمالی کوریا کا بحری جہاز کیوبا سے آ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس جہاز میں مشتبہ جدید میزائل کے پرزے تھے۔ پاناما کے صدر نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ایک تصویر شائع کی ہے جس میں ساز و سامان میں سبز رنگ کی ایک شے پڑی ہوئی ہے۔ صدر ریکارڈو کا کہنا ہے کہ جہاز کیوبا سے پاناما کینال کی جانب جا رہا تھا اور اس کو مزید پوچھ گچھ کے لیے روکا گیا ہے۔ ہم جہاز میں سے چیزیں اتاریں گے اور معلوم کرنے کی کوشش کریں گے کہ اس ساز و سامان میں کیا تھا۔ پاناما کے صدر کے مطابق اس جہاز کے عملے کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بشمول کپتان کے جس نے اپنے آپ کو مارنے کی کوشش بھی کی۔ پاناما کے سینیئر وزیر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی حکام کو اس وقت شک پڑا جب جہاز کے کپتان اور عملے نے پرتشدد ردِعمل دکھایا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا پر ہتھیاروں کی درآمد اور برآمد پر پابندیاں عائد ہیں۔