پیرس: ہزاروں افراد کا رہائش سے متعلق قانون کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

Protest

Protest

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہزاروں افراد نے رہائش سے متعلق قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے پیرس میں ہونے والے اس مظاہرے میں فرانس میں رہائشی مکانات میں قلّت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین نے کہا ہے کہ حکومت کی بہت سے فرانسیسی شہریوں کو ہنگامی طور پر فراہم کئے جانے والے رہائشی مکانات سے باہر نکالنے کی کوشش، ان کے حقوق کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رہائش کا قانون تبدیل کرے۔ مظاہرے میں غیر ملکی تارکین وطن کی اک بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ فرانس کی یکجہتی پارٹی کے رکن ٹیری لسکو نے اس بارے میں کہا ہے کہ بعض لوگ رہائش کے فقدان کی بنا پر سڑکوں پر سونے اور راتیں گذارنے پر مجبور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت فرانس رہائشی مراکز بند کررہی ہے اور حکومت کے اس اقدام سے ان افراد اور گھرانوں کے لیے بنیادی مسائل پیدا ہورہے ہیں، جن کے پاس رہنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

امدادی ادارے نے رپورٹ دی ہے کہ فرانس میں تقریبا بیس لاکھ رہائشی مکانات خالی موجود ہیں جو بے گھر افراد کو دیئے جاسکتے ہیں۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ فرانس میں پینتیس لاکھ ایسے افراد موجود ہیں کہ جن کے پاس رہائش کا مناسب انتظام نہیں ہے حالانکہ پیرس کے بعض محلوں میں ایک تہائی مکانات خالی پڑے ہوئے ہیں۔