پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوں گے

اسلام آباد(این ایل آئی)پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ہنگامہ خیز اجلاس آج(پیر کو) ہوں گے۔ نوٹیفیکیشن جاری کردئیے گئے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ایڈوائس پر پارلیمنٹ کے اجلاس طلب کیے ہیں ۔ قومی اسمبلی کا الوداعی سیشن ہو گا۔

دونوں ایوانوں میں اہم قانون سازی کے لیے مختلف بلز پیش کیے جائیں گے۔ انتخابی اصلاحات ، لاپتہ افراد کی بازیابی اور مسئلے کے مستقل حل کے بارے میں پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی رپورٹ پیش ہو گی ۔ احتساب بل پر بھی پیش رفت متوقع ہے ۔ پارلیمنٹ کے ان غیر معمولی اجلاسوں کے دوران پارلیمنٹ ہائوس اہم سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔

اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران حکومت کے معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کی ٹیموں کے درمیان پارلیمنٹ ہائوس میں مذاکرات شروع ہوں گے۔ فروری کے آخری تک تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی ۔ سینٹ و قومی اسمبلی کے اجلاس شام پانچ بجے ہوں گے۔ دوران سیشن غیرمعمولی ایجنڈا نمٹایا جائے گا۔