پارلیمنٹ کے باہر بیٹھی دونوں جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی ہے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کے باہر بیٹھی دونوں جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی ہے، شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ میں آکر دوسری جماعت پر فرد جرم عائد کردی ہے۔
پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ایوان میں دہرا معیار نہیں ہونا چاہیئے۔

گزشتہ روز ہم نے جاوید ہاشمی کو خطاب کرنے دیا تو پھر آج شاہ محمود قریشی کو کیوں اجازت نہیں نہیں دی جانی تھی، درحقیقت آج پارلیمنٹ کی فتح کا دن ہے کیونکہ پارلیمنٹ کے باہر بیٹھی دونوں جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی ہے، شاہ محمود قریشی دوسری جماعت پر فرد جرم عائد کرچکے ہیں۔ جذبات سے کام لینے سے کامیابی نہیں ہوتی، فتح ہمیشہ صبر کی ہوتی ہے۔ طاقت رکھنے کے باوجود طاقت کا استعمال نہ کرکے حریف خود ہی پسپا ہوجاتا ہے۔ نواز شریف صرف نام کے ہی نہیں حقیقت میں شریف ہیں وہ لوگوں کی الٹی سیدھی باتوں کو خاموشی سے سنتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ وہ ملک کی تاریخ کے مضبوط ترین وزیر اعظم بن کر ابھرے ہیں۔ وزیراعظم نے تلخ اور شیریں باتیں بھی سنی ہیں لیکن اس دوران جس صبر کا وہ مظاہرہ کررہے ہیں وہی سبق وہ اپنی کابینہ کو بھی دیں۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو فتح، آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کو ضائع نہ کیا جائے۔ وزیراعظم کے دوست ان کے لئے مسائل کھڑے نہ کریں۔ یہ نہ سمجھیں کہ ہم نے معرکہ جیت لیا ہے، سازش اب بھی ہورہی ہے۔ ایک سیاسی جماعت کے قائد نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں وہ استعفی دیں گے لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں۔