پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج اختتام پذیر ہونے کا امکان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) دو ستمبر کو شروع ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج اختتام پذیر ہونے کا امکان ہے، وزیراعظم نواز شریف مظاہرین سے دھرنے ختم کرنے کی آخری اپیل کر سکتے ہیں۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت جاری ہے۔

امکان ہے کہ وزیراعظم نواز شریف آج جوائنٹ سیشن سے خطاب میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک سے دھرنے ختم کرنے کی اپیل کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خطاب کے ساتھ ہی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طویل عرصہ کیلئے ملتوی یا پھر ختم کر دیا جائے گا۔ دھرنوں کے باعث سیاسی بحث کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دو ستمبر کو شروع ہوا تھا جس میں سیلابی صورت حال کے باعث ایک ہفتے کا وقفہ بھی آیا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کل تعداد چار سو چھیالیس ہے۔

جس میں سے حاضری کی تعداد کم سے کم چھیانوے اور زیادہ سے زیادہ ایک سوستاون رہی۔ چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایک دن بھی شرکت نہیں کی۔ تحریک انصاف کے باغی ارکان ایوان میں آتے رہے تاہم شاہ محمود قریشی نے دیگر ارکان کے ہمراہ صرف ایک مرتبہ ایوان کا رخ کیا۔ سیاسی جماعتیں جمہوریت اور نظام بچانے کیلئے وزیراعظم کے ساتھ ہیں لیکن ابھی تک دھرنوں کو ختم کرنے کیلئے کوئی مشترکہ قرارداد نہیں لائی گئی۔