دو جماعتوں نے جمہوریت کی نشانی پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کیا، ملک خرم نصراللہ خاں

Malik Khurram Nasrullah

Malik Khurram Nasrullah

مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) دو جماعتوں نے جمہوریت کی نشانی پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کیا جبکہ وفاق کی علامت ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی گئی جب کہ وزیراعظم ہاؤس پر حملہ عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، دارالحکومت پر چڑھائی کرکے طاہرالقادری اور عمران خان نے ناقابل معافی گناہ کیے ہیں۔ عمران خان و طاہر القادری نے لشکر کشی کی سیاست کو فروغ دیا، حکومت نے تصادم سے بچنے کے لئے حتی الامکان کوشش کی۔

حکومت معصوم بچوں اور عورتوں کو تصادم سے بچانا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن ملک خرم نصراللہ خاں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اپنی جماعت کے چھ رہنماؤں پر بھی اعتماد نہیں جنہوں نے مذاکرات کئے۔ اپنی جماعت کے لوگوں پر اعتماد نہ کرنے والا شخص کس کی بات مانے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مطالبات اصولی طور پر مان لئے گئے۔ انتخابی اصلاحات کے لئے کمیٹی اور انتخابی دھاندلی کے لئے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔لیکن بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے عمران خان و طاہر القادری عوام کو بیوقوف بنا کر ملک میں انتشار پیدا کرنے پر گامزن ہیں۔