پرویز خٹک خیبر پختون خوا کے وزیر اعلی منتخب

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک چوراسی ووٹ حاصل کرکے خیبر پختون خوا کے وزیر اعلی منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمن نے سینتیس ووٹ حاصل کیے۔ خیبر پختون خوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔

اجلاس شروع ہونے کے پانچ منٹ بعد قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا۔ قائد ایوان کے لیے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے پرویز خٹک ، جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمن اور مسلم لیگ ن کے وجہیہ الزمان کے درمیان مقابلہ تھا۔ ووٹنگ کے دوران مسلم لیگ ن کے وجہیہ الزمان جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمن کے حق میں دستبراد ہو گئے۔

ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد اسپیکر خیبر پختون خوا اسد قیصر نے نتائج کا اعلان کیا۔ پرویز خٹک 84 ووٹ حاصل کرکے وزیر اعلی منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل جے یوآئی کے مولانا لطف الرحمن نے 37 ووٹ حاصل کیے۔

وزیر اعلی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کی حمایت کی۔ پرویز خٹک کے انتخاب کے بعد اراکین کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پرویز خٹک آج شام 6 بجے گورنر ہاس پشاور میں اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔