محب وطن ادارے نوٹ کرلیں میں نے روشن پاکستان پارٹی چھوڑ دی ہے پریس کانفرنس

کراچی : پاکستان سے نظریاتی فلاحی عوامی اور حب الوطنی کی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے اورسیاستدان و سیاسی جماعتیں جمہوریت اصلاح اور عوام کے نام پر ذاتی مفادات کے حصول کے ساتھ پاکستان و عوام کا سودا کررہے ہیں ۔ یہ بات روشن پاکستان پارٹی ( محب وطن ) کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری عمران چنگیزی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس میں روشن پاکستان پارٹی (محب وطن ) سے اعلان لاتعلقی کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے 20 سالہ پروفیشنل کیریئر میں صحافت و سیاست دونوں ہی میں قومی و عوامی مفادات کو اولین ترجیح دی مگر اب سیاست صرف منافقت اور جھوٹ نہیں بلکہ ملک دشمنی قتل و غارت لوٹ مار و کرپشن اور پاکستان دشمنوں سے ہاتھ ملانے کا نام بن چکا ہے اور سیاسی جماعتیں جمہوریت و حب والوطنی کے نام پر ملک اورقوم دونوں ہی کو فروخت کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔

میرا ضمیر جذبہ حب والوطنی اور نظریات و اصول مجھے قاتلوں اور لٹیروں کا ساتھ دینے کی اجازت نہیں دیتے اسلئے میں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کرکے روشن پاکستان پارٹی ( محب وطن ) سے استعفیٰ دے دیا ہے اور تمام محب وطن ادارے اس بات کو نوٹ کرلیں کہ عمران چنگیزی کا اب روشن پاکستان پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔