محب وطن عوام فوج کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے: طاہر حسین

کراچی : وطن عزیز کی سلامتی ودفاع اورملک و قوم کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے فوج و رینجرز اور سیکوریٹی اداروں کی خدمات قابل تحسین اور قربانیاں لازوال ہیں مگر استحصالی طبقہ فوج کی قربانیوں کو سراہنے کی بجائے دہشتگردوں کو ہیرو قرار دیکر دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے اور پرویز مشرف پر جھوٹے مقدمہ غداری کیساتھ فوج کیخلاف بیان بازی اور فوج کی تضحیک و تذلیل کے ذریعے فوج کے مورال کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے جبکہ اس استحصالی ٹولے کا دوسرا ونگ فوج ‘ رینجرز اور سیکوریٹی اداروں پر حملوں کے ذریعے انہیں کمزور کر رہا ہے جو یقینا پاکستان کیخلاف سازش اور ملک سے غداری۔ یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے گزشتہ روز ناظم آباد میں رینجرز ہیڈکوارٹر پر کئے جانے والے خود کش حملے کی مذمت اور شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ فوج و رینجرز پاکستان کے استحکام ‘ تحفظ اور سلامتی کی امین و ضامن ہیں اسلئے پاکستان کے عوام فوج کو کمزور کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بہت جلد تمام محب وطن پاکستانی فوج کی حمایت میں یکجا و متحد ہوکر ملک وقوم اور فوج کیخلاف سازش کرنے والے ان استحصالیوں کا بھرپور محاسبہ کریں گے۔