پی سی بی کا یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی استفادہ کا فیصلہ

Younis Khan

Younis Khan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پی سی بی نے دورہ انگلینڈ میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے سابق کپتان یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی استفادہ کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کی اگلے ہفتے بورڈ حکام سے اہم ملاقات ہوگی، جس میں انہیں مزید ذمہ داریاں سونپنے پر مشاورت ہوگی۔اس ملاقات میں یونس خان کو طویل مدت کے لیے کنٹریکٹ دیا جائے گا۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے دیگر حکام سے مشاورت کے بعد یونس خان کے قومی کرکٹ کی بہتری میں کردار کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ جونئیر سطح پر بھی یونس خان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

یونس خان نے قومی کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے کو شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ یونس خان کی موجودگی کو ہیڈکوچ مصباح کے ساتھ ٹیم ممبران نے بھی بہت مفید ٹھہرایا تھا۔