امن انصاف و انتخاب کے ذمہ دار اداروں کی ناکامی قوم کا مستقبل داؤ پر لگارہی ہے عمران چنگیزی

کراچی : کراچی میں ہونے والی دہشت گردی بم دھماکوں اور قتل و غارتگری کے ساتھ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر تاسف و تشویش ظاہرکرتے ہوئے نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور اس پر قابوپانے میں امن وانصاف کے ذمہ دار اداروں کی ناکامی و جانبداری انتخابات کے انعقاد و شفافیت کو مشکوک بنارہی ہے۔

جس کا اظہار چیف الیکشن کمشنر کی بے بسی سے بھی ہورہا ہے جن کا کہنا ہے کہ انتخابات کی شفافیت امن و امان سے مشروط ہے۔ جبکہ دنیا یہ بات جانتی ہے کہ امن ناپید ہے اور ملک میں کسی کو بھی کہیں بھی جائے امان حاصل نہیں ہے اس لئے ملک وقوم پر قابض ہونے کیلئے تہذیب و تمدن کے دشمنوں کا سہارا لینے والوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے کیلئے اب عوام کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انتخابات میں ہر ووٹر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے دیانتدار مخلص محب وطن عوام دوست اور تعلیم یافتہ و نوجوان قیادت کا انتخاب کرکے عوام کو غریب سے غریب تر بناکرخود کو دولتمند سے دولتمند ترین بنانے والے ان تمام سیاستدانوں کا احتساب کرنا ہوگا۔

جن کے پیش کردہ اثاثے لاکھوں کے بھی نہیں ہیں مگر وہ انتخابی مہم پر اربوں روپے خرچ کررہے ہیں جبکہ ذمہ دار ادارے ان سیاستدانوں سے یہ نہیں پوچھ رہے کہ ان کے پاس یہ سرمایہ کہاں سے آیا اور کس کس پاکستان دشمن قوت سے یہ سرمایہ کن کن شرائط پر حاصل کیا گیا ہے۔

اسلئے اب عوام کو ہی ووٹ کی طاقت سے پہلے ان سیاستدانوں کا اور پھر ان اداروں اور ذمہ داروں کا احتساب کرنا ہوگا جو ان عوام دشمنوں کے معاون ومددگار بنے ہوئے ہیں۔