امن کی چابی قبائلیوں کے پاس ہے انہیں مذاکرات میں شامل کیا جائے، عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،جب تک نیب غیرجانبدار نہیں ہوگا کرپشن ختم نہیں ہو سکتی۔

انھوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کامیابی کی طرف جا رہا ہے ، طالبان بندوق کی نوک پر شریعت نافذ نہیں کرنا چاہتے ، صرف امریکی جنگ سے نکلنا چاہتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں چیئرمین نیب قمر زمان چودھری کی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت پر پیشی کیلئے روانگی سے قبل اپنی رہائشگاہ بنی گالا پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔

بہت سے اہم مقدمات قومی احتساب بیورو میں زیر التواء ہیں جب تک نیب غیر جانبدار نہیں ہوگا ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ممکن نہیں۔مذاکراتی عمل کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو مذاکراتی کمیٹی میں شامل کیا جانا چاہئے کیونکہ امن کی چابی قبائلی علاقے کے لوگوں کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ عورتوں اور بچوں نے جنگ نہیں کرنی ، انہیں رہا کر دینا چاہئے۔ عمران خان نے کہا کہ طالبان بندوق کی نوک پر شریعت نافذ نہیں کرنا چاہتے۔ طالبان صرف امریکہ کی جنگ سے نکلنا چاہتے ہیں۔ پتا چل گیا ہے کہ کون سے طالبان بات چیت چاہتے ہیں اور کون سے لڑنا چاہتے ہیں۔