امن وامان کی بحالی سے ہی ملک مضبوط اور خوشحال ہو گا:جماعت اسلامی پنجاب

لاہور: پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن کے لئے مذاکرات کی کامیابی ضروری ہے۔حکومت اور طالبان کو سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بناناہوں گے۔

آپریشن کاواویلا کرنے والے پاکستان کی سلامتی کوخطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے ذریعے مسائل حل ہونے کی بجائے گھمبیر ہوتے ہیں۔موجودہ حالات میں ملک کے مستقبل کے لئے درست فیصلے کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ فریقین کی جانب سے فائربندی کے بعد بڑے پیمانے پر فیصلے کرنا ہوں گے۔جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ مذاکرات جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچیں۔امن سے ہی ملک مضبوط اور خوشحال ہوگا۔وہ تمام لوگ جو ملکی آئین کو سیکولر بناناچاہتے ہیںوہ مذاکرات کے خلاف پروپیگنڈہ کررہے ہیںپوری قوم ان کی حقیقت سے آگاہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نئی کمیٹی کے نام جلد فائنل کرکے مذاکرات کے عمل کو نتیجہ خیز بنائے۔سابقہ حکمرانوں نے ملکی عزت،وقار اور سلامتی کودائوپرلگادیاتھا۔جنرل(ر)پرویزمشرف کی پالیسیوں کاخمیازہ آج پوری قوم کو بھگتناپڑرہا ہے۔12برس سے جاری نام نہاد امریکی جنگ نے پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ امریکہ ایک جانب 2014میں افغانستان سے رسواہوکرجارہا ہے تودوسری جانب وہ وطن عزیز میں انتشار کی فضاء قائم کرنا چاہتاہے تاکہ اس کو محفوظ راستہ مل سکے۔ وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان اس جنگ سے خود کو الگ کرکے ملک میںامن قائم کرے۔ملک وقوم مزید کسی بھی قسم کے عدم استحکام کے متحمل نہیں ہوسکتے۔