عوام کو معاشی ترقی اور امن واستحکام کی ضرورت ہے، نام نہاد دہشت گردی کی اس جنگ میں ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے۔ حلیم عادل شیخ

کراچی (جی پی آئی )مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عوام کو معاشی ترقی اور امن استحکام کی ضرورت ہے۔ نام نہاد دہشت گردی کی اس جنگ میں ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے۔ قومی مفادات کا تحفظ جمہوریت اور اس کے استحکام میں ہے۔ ملک میں امن مذاکرات اور ایک دوسرے کے ساتھ باہمی گفت و شنید سے ہی قائم ہوگا۔ہم سب کو مل کر امن وانصاف کا تحفظ یقینی بنانا ہے امن و امان کے لیے ANPکی جانب سے آل پارٹیزکانفرنس کا انعقاد اچھی پیش رفت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ہر ایک کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں، پاکستان دنیامیں امن اور بھائی چارے کی فضاء دیکھنا چاہتا ہے۔

سیاسی جماعتوں کو شفاف انتخابات کے لیے سازگار ماحول تشکیل دینا ہوگا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اپنے دور حکومت میں حکومت سے بھی کچھ غلطیاں ہوئیں اور عوامی سطح پرلوگوںکوجمہوری عمل سے مستفید ہونے کے بھر پور مواقع نہیں مل سکے، مگر ہم سیکھ کر چلنے والے لوگ ہیں۔ اچھے برے کام ہر دور میں ہوتے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر شخص کو اپنے ضمیر کے مطابق حق رائے دہی کا حق حاصل ہو۔ شفاف انتخابات اور دبائو سے بھر پور ووٹوں کا آزادانہ استعمال ہی اصل کامیابی ہے اور اس عمل کے بغیر نظام کا آگے کی جانب چلنا بھی ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنی طاقت سے ایسے امیدواروں کوکامیاب نہ ہونے دے جو آئین اور قانون کے تقاضوں پر پورا نہ اترتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کا آغاز جاری ہے اس موقع پر کسی بھی قسم کا سیاسی انتشار انتخابات کو طول دینے والی بات ہوگی۔