عوام کا انتخابی فیصلہ استحصال ,نا انصافی,کرپشن و بد امنی سے بیزاری کا ثبوت ہے، عمران چنگیزی

کراچی : انتخابات میں حق رائے دہی کے فریضے کی ادائیگی کے عوامی عزم نے ثابت کردیا ہے کہ عوام جان گئے ہیں کہ تقدیریں حوصلے ,عزم اور جدوجہد سے بدلی جاتی ہیں اور مستقبل محفوظ بنانے کیلئے درست فیصلہ ضروری ہے اسی لئے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے احتساب کا حق استعمال کرنے پاکستان کا مستقبل بدلنے کی بھرپور کوشش کی ہے جس کیلئے عوام پاکستان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن ( این جی پی ایف ) کے چیئرمین عمران چنگیزی نے انتخابات میں عوامی حمایت کے ذریعے فتح حاصل کرنے والے تمام نمائندوں ،سیاسی ،مذہبی و جمہوری جماعتوں اور قیادتوں کے ساتھ مستقبل قریب کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے میاں نوازشریف کو ذمہ داریاں عطا کی ہیں۔

میاں صاحب کو ان کی ادائیگی میں معمولی سی غفلت و کوتاہی ملک وقوم کے مستقبل کے ساتھ میاں صاحب کے اپنے مستقبل کیلئے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ عوام کاانتخابی فیصلہ استحصال ،نا انصافی ،کرپشن و بد امنی سے بیزاری کا ثبوت ہے۔

اسلئے میاں صاحب کو ماضی سے سبق سیکھ کر اب اشتراک و مفاہمت ،دیانتداری ،خوش اسلوبی ،حب الوطنی ،عوام دوستی اور ملک و قوم کے وسیع تر مفادکے تحت فیصلے کرنے ہوں گے وگرنہ عوام اپنی قوت کو بھی پہچان چکے ہیں اور اپنے حق کیلئے کسی بھی حد تک جانے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔