پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی بدترین حکمرانی نے ملک اورقوم کا بیٹرا غرق کر دیا ہے،ڈاکٹر عبدالقدیر خان

تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ آزمائے ہوئے لٹیروں کوعوام دوبارہ نہ آزمائیں ،کرپٹ ٹولے نے عوام کا جینا محال کر دیا ،پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی بدترین حکمرانی نے ملک اورقوم کا بیٹرا غرق کر دیا ہے عوام 11 مئی کو مہنگائی ، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت ملکی مسائل کے حل کے لئے میزائل کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں۔

جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر کے ہمراہ ملنے والے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ حکمران ٹولہ غریب عوام کا خون چوسنے میں مصروف رہے انہوں نے عوام سے آخری نوالہ تک چھین لیا ہے۔

معیشت کی تباہی اور انڈسٹری کی غیر ممالک میں منتقلی سابقہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور آج کس منہ سے عوام کے پاس ووٹ مانگنے کے لئے جا رہے ہیں 11 مئی کو لٹیروں ، قبضہ گروپوں اور ڈاکوئوں سے قوم نجات حاصل کرنے کے لیے میزائل پر مہر لگا کر ہمارے امیدواروں کو کامیاب کروائے۔