عوام روایتی حکمرانوں اور نگرانوں دونوں سے بیزار ہیں عمران چنگیزی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے سندھ کی وزارت اعلیٰ کا قرعہ فال جسٹس (ر) زاہد قربان علوی کے نام نکلنے پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصائب و مسائل کی اس گھڑی میں سندھ اور بالخصوص کراچی کے شہریوں کو اس بات کی توقع ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ سیاسی لسانی فرقہ وارانہ اور گروہی جانبداری و امتیاز سے بالاتر ہوکر سندھ میں قیام امن کو فوقیت دیں گے۔

الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر شفاف انتخابات کے انعقاد میں اپنے مثبت کردار کی ادائیگی کے ساتھ اپنے نگراں دور حکومت میں کرپشن پر قابو پانے کے ساتھ عوام کو ریلیف کی فراہمی بھی یقینا بنائیں گے اورسماج کے پاکستان کے سندھ کے کراچی کے اور اسلام کے ان دشمنوں کو بھی ناکام بنائیں گے۔

جو شیعہ سنی فسادات کرانے کے ساتھ پروفیسر سبط جعفر زیدی ڈاکٹر اسد عثمان اور دیگر اساتذہ مسیحا سماجی رہنما وکلاء سرکاری افسران عام عوام اور غریب مزدوروں کے قتل کے ذریعے معاشرے میں انتشار نفاق اور خوف و دہشت پھیلاکر دور قدیم کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں اور اگر زاہد قربان علوی کسی بھی وجہ سے خود کو ایسا کرنے سے معذور محسوس کرتے ہیںتو بہتر ہے کہ وہ وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے اورنگراں وزیراعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے سے گریز کریں۔